برطانوی حکومت نے کہاہے کہ برطانیہ شام اور دیگر شورش زدہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایسے مہاجر بچوں کو اپنے ہاں پناہ دے گا جو اپنے خاندانوں سے بچھڑ چکے ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے خاندانوں سے بچھڑنے والے مہاجر بچوں کو برطانیہ میں پناہ دینے کے لیے برطانوی حکام اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
برطانیہ کے وزیر برائے امورِ تارکین وطن جیمز
برْوکنشائر کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھاکہ شامی بحران اور مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور دیگر خطوں میں رونما ہونے والے واقعات کے باعث تارکین وطن بچوں کی ایک بڑی تعداد اپنے والدین سے بچھڑ چکی ہے۔
بڑی تعداد میں ایسے لاوارث مہاجر بچے انہی علاقوں میں اپنے دور پار کے رشتہ داروں کے پاس رہ رہے ہیں،ہم نے یو این ایچ سی آر سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسے بچوں کی شناخت، انتخاب اور برطانیہ منتقلی میں ہماری مدد کریں جنہیں برطانیہ میں پناہ دینے سے ان کا مستقبل بہتر ہو سکتا ہے۔